بیجنگ / اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف چینی قیادت کی خصوصی دعوت پر 23 سے 26 مئی تک چین کا اپنا 4 روزہ باضابطہ سرکاری دورہ کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ اس اہم دورے کے اختتام پر پاکستان اور چین کی جانب سے ایک مشترکہ تزویراتی (Strategic) اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، جس میں سدا بہار دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق، بیجنگ میں پاک چین وزرائے اعظم کے درمیان تفصیلی، دوستانہ اور انتہائی تعمیری مذاکرات ہوئے، جن میں دوطرفہ معاشی تعلقات، سی پیک کے منصوبوں اور خطے کی مجموعی صورتحال پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ہر مشکل گھڑی اور عالمی چیلنج میں ایک دوسرے پر بھرپور اعتماد اور باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا "پاک چین دوستی تاریخ کے ہر امتحان میں پوری اتری ہے اور دونوں ممالک تمام تر بین الاقوامی چیلنجز کے باوجود ایک دوسرے کے بنیادی اور اسٹریٹجک مفادات کی غیر مشروط حمایت جاری رکھیں گے۔”
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے اس دورے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے مابین معاشی، تجارتی اور دفاعی تعلقات ایک نئے اور مضبوط دور میں داخل ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ اعلامیے کے آخر میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔




