واشنگٹن:پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اپنے دورہ نیویارک کی مصروفیات مکمل کر کے آج واشنگٹن پہنچ رہے ہیں، جہاں کل ان کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے سفارتی محاذ پر ایک انتہائی اہم ملاقات طے پا گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اس اعلیٰ سطح کے رابطے کا بنیادی مقصد پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور خطے کی موجودہ نازک صورتحال پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ ملاقات میں خاص طور پر پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کے تحت جاری ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنما خطے میں پائیدار امن اور سیکیورٹی کے قیام کے لیے مشترکہ سفارتی لائحہ عمل پر بھی مشاورت کریں گے۔ بین الاقوامی امور کے ماہرین اس ملاقات کو موجودہ علاقائی کشیدگی کے خاتمے اور پاک امریکہ ورکنگ ریلیشن شپ کے مستقبل کے لیے انتہائی کلیدی قرار دے رہے ہیں۔




