اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت میں بجٹ 2026-27 کی تیاریوں کے سلسلے میں حکومت اور اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان اہم سیاسی و معاشی مشاورت کا آغاز ہو گیا ہے۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے بجٹ کو ہر ممکن حد تک متوازن اور ریلیف پر مبنی بنانے کے لیے سر جوڑ لیے ہیں۔
اجلاس میں حکومتی معاشی ٹیم کی قیادت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے نوید قمر، سلیم مانڈوی والا اور شیری رحمان نے اپنے تحفظات اور تجاویز میز پر رکھیں۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے حکومت کو باقاعدہ طور پر ایک سفارشاتی دستاویز پیش کی گئی ہے، جس میں ملک کی ترقیاتی ترجیحات، عوامی ریلیف کے اقدامات اور ٹیکس نیٹ کو متوازن بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ پی پی پی وفد کا موقف تھا کہ آئندہ بجٹ کا محور عام آدمی کو معاشی ریلیف فراہم کرنا ہونا چاہیے۔
حکومتی وفد اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے طویل غور و خوض کے بعد اتفاق کیا کہ اتحادیوں کی ان تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے۔ فریقین نے فیصلہ کیا ہے کہ بجٹ کو حتمی شکل دینے اور اسے عوام دوست بنانے کے لیے مشاورت کا یہ عمل تعطل کے بغیر مسلسل جاری رکھا جائے گا۔




