پاکستان
Trending

گلگت بلتستان میں ہاؤسنگ منصوبے کا آغاز غذر سے کریں گے، الیکشن جیت کر شہید بی بی کا مشن پورا کرنا ہے: بلاول بھٹو زرداری

 

غذر : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے غذر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے لیے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی طرز پر گلگت بلتستان میں بھی غریبوں کے لیے ہاؤسنگ منصوبہ شروع کیا جائے گا اور اس کا آغاز غذر سے ہوگا۔ اس منصوبے کے تحت بننے والے گھروں کے مالکانہ حقوق خواتین کو دیے جائیں گے جبکہ سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کو بھی فوری تعمیر کیا جائے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے غذر کے عوام کے جوش و خروش کو سراہتے ہوئے کہا کہ غذر کو "منی لاڑکانہ” کہا جاتا ہے کیونکہ یہاں کے لوگوں کا پیپلز پارٹی کے ساتھ نسلوں کا ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو اسمبلی اور شناخت پیپلز پارٹی نے دی، یہاں کے عوام کو سبسڈی دلوائی اور اب اسلام آباد میں آپ کا مقدمہ لڑنے اور غذر کی نشستوں میں اضافے کے لیے مجھے الیکشن میں بھاری اکثریت چاہیے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو آئین دیا، اور اب ہم گلگت بلتستان کے عوام کو حقِ حاکمیت اور حقِ ملکیت دلوائیں گے۔ انہوں نے تاریخی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 28 ہزار کلومیٹر زمین اب ریاست کی نہیں بلکہ عوام کی بن چکی ہے، اور الیکشن جیت کر اس قابلِ کاشت زمین کو عوام میں تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے ووٹرز پر زور دیا کہ اگر یہاں کوئی اور حکومت آئی تو وہ اس قانون سازی کو کاغذ کا ٹکڑا سمجھیں گے، اس لیے زمینوں کا حق بچانے کے لیے یہاں ‘جیالا وزیراعلیٰ’ لانا ہوگا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے سیاسی مخالفین کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک میں کوئی پہلے وزیراعظم رہا ہے اور کوئی آج بھی ہے، لیکن مجھے ابھی تک عوام کی خدمت کا موقع نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ جب محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے غریبوں کو نوکریاں دیں تو مخالفین نے ان پر کیسز بنا دیے، مگر بی بی شہید نے واضح کیا تھا کہ اگر نوکریاں دینا جرم ہے تو وہ یہ جرم بار بار کرتی رہیں گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پیپلز پارٹی جو وعدے کرتی ہے وہ پورے کرتی ہے، اور ہم یہاں حکومت بنا کر اپنے شہید قائدین کا مشن مکمل کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button