پاکستان

ٹیکس نظام میں انقلابی تبدیلیاں: وزیراعظم نے ایف بی آر کے نئے آٹومیٹڈ اور فیس لیس نظام کی منظوری دے دی

جدید ٹیکنالوجی اور اے آئی سے اثاثے چھپانے والوں کا سراغ لگایا جائے گا، پائلٹ پروجیکٹ اسلام آباد سے شروع کرنے کا حکم، سگریٹ سیکٹر سے 40 ارب اضافی ٹیکس متوقع

 

 

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کی اصلاحات کے حوالے سے ایک انتہائی اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کے ٹیکس نظام کو جدید ترین خطوط پر استوار کرنے کے لیے انقلابی اقدامات کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں ٹیکس وصولیوں کو بڑھانے، معیشت کو دستاویزی شکل دینے اور ٹیکس نیٹ میں توسیع کے لیے جاری کوششوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے ایک خودکار اور جدید ٹیکس مینجمنٹ نظام کا یہ منصوبہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ٹیکس وصولی کے نظام میں انسانی مداخلت اور افسران کے صوابدیدی اختیارات کو کم سے کم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، تاکہ نظام میں شفافیت اور عوامی اعتماد کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس کے دوران اعلیٰ حکام کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیا مجوزہ ٹیکس نظام جدید ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کے اصولوں پر کام کرے گا۔ یہ نظام جائیدادوں، گاڑیوں اور بینکوں کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کر کے کم ظاہر کی گئی آمدن اور چھپائے گئے اثاثوں کی خودکار طریقے سے نشاندہی کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے اس انکم ٹیکس وصولی کے آٹومیٹڈ نظام کو فوری طور پر نافذ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا پائلٹ پروجیکٹ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے شروع کیا جائے۔
ٹیکس نظام کو مکمل طور پر فیس لیس اور مؤثر بنانے کے لیے اجلاس میں ان لینڈ ریونیو کے تحت تین نئے خصوصی ونگز قائم کرنے کی تجویز پیش کی گئی، جن میں ، نیشنل فیس لیس آڈٹ ونگ (ٹیکس دہندگان اور افسران کے آمنے سامنے آئے بغیر آڈٹ)، نیشنل اسیسمینٹ ونگ (ٹیکس اور اثاثوں کی خودکار جانچ پڑتال)، فیلڈ آپریشنز ونگ (انفورسمنٹ اور زمینی اقدامات) شامل ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ غیر قانونی اور اسمگل شدہ سگریٹس کے خلاف ملک بھر میں کیے گئے سخت انفورسمنٹ اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور اس سال سگریٹ کے شعبے سے قومی خزانے کو 40 ارب روپے کا اضافی ٹیکس حاصل ہونے کی توقع ہے۔ وزیراعظم نے غیر قانونی سگریٹس کے خلاف مؤثر کارروائیوں پر تمام صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، اعظم نزیر تارڑ، مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا واللّٰہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، معاون خصوصی ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے عزم دہرایا کہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے ایف بی آر میں اصلاحات کا یہ عمل بلا تعطل جاری رہے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button