اسلام آباد :آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے لیے ایوانِ صدر سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اہم حکومتی وفد کے ہمراہ ایوانِ صدر پہنچے جہاں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں وفاقی بجٹ کی تیاریوں، معاشی امور اور اتحادیوں کے تحفظات پر براہِ راست بات چیت کی جا رہی ہے۔
اس اعلیٰ سطح کے اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزارتِ خزانہ کے حکام وزیراعظم کے ہمراہ ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور بجٹ کمیٹی کے ارکان صدرِ مملکت کے ہمراہ بیٹھک میں شریک ہیں۔ حکومت اور اتحادی جماعت کے درمیان بجٹ اہداف پر مکمل ہم آہنگی کے لیے یہ ملاقات انتہائی کلیدی نوعیت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر بھی خصوصی طور پر موجود ہیں، اور بجٹ امور کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال اور ریلیف پیکیج کے حوالے سے بھی اہم مشاورت کی جا رہی ہے۔




