اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا کی مضبوطی اور میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا قومی مفاد، عوامی آگاہی اور جمہوری عمل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اس لیے اس کی مالی اور ادارہ جاتی مضبوطی ناگزیر ہے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق میڈیا ادارے مختلف ریگولیٹری اداروں جیسے پیمرا اور ایف بی آر کے سامنے جوابدہ ہیں، جبکہ خبروں اور ٹاک شوز میں اپوزیشن کو بھی مساوی مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا پالیسی ابھی مکمل طور پر منظور نہیں ہوئی، جبکہ حکومتی تشہیری مہمات کے لیے پی آر فرمز کے ذریعے علیحدہ طریقہ کار اپنایا جاتا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے پاکستان براڈکاسٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ مشاورت جاری ہے، جبکہ دورانِ ملازمت انتقال کی صورت میں مالی معاونت کی نئی پالیسی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔




