لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے ابتدائی مرحلے میں 744 سکولوں اور اکیڈمیوں کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے واضح کیا ہے کہ آئندہ کوئی بھی تعلیمی ادارہ رجسٹریشن کے بغیر کام نہیں کر سکے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ طلبہ کی حفاظت اور معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ان کی ہدایت پر محکمہ تعلیم نے صوبہ بھر میں غیر رجسٹرڈ اداروں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز نے ایک ہی روز میں سینکڑوں اداروں کو نوٹس جاری کیے۔
وزیر تعلیم کے مطابق حکومت کا مقصد تعلیمی اداروں کو بند کرنا نہیں بلکہ انہیں قانونی دائرہ کار میں لا کر نظام کو بہتر اور محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ رجسٹریشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے۔




