لاہور: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں جاری موسلادھار بارشوں نے کئی علاقوں میں معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے۔ لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، جبکہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
خیبرپختونخوا میں بارشوں کے باعث آنے والی سیلابی ریلوں اور مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے کے واقعات میں 12 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق سیلابی پانی سے 14 مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں رابطہ سڑکیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ نشیبی علاقوں، برساتی ندی نالوں اور غیر محفوظ عمارتوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔




