اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سائبر کرائمز، آن لائن فراڈ اور دیگر ڈیجیٹل جرائم کی روک تھام کے لیے مشترکہ تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔ اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطوں اور معلومات کے تبادلے کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے ایران، امریکہ تنازع اور مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں امن، استحکام اور سفارتی کوششوں کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل نے خطے میں امن کے قیام کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان موجودہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔




