اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں موجودہ بحران کے پرامن حل کے لیے سچ اور مفاہمت پر مبنی کوششوں کو آگے بڑھانا ضروری ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ آزادکشمیر کے حالات کے حل کے لیے سچ اور مفاہمت کے مشن کا مطالبہ کرتے آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کشمیری عوام کو روزمرہ مشکلات سے نجات ملے اور ان کے مسائل کا ازالہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی ہر شکایت کو سننا چاہیے اور ہر متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جانا چاہیے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے زور دیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے بات چیت، مفاہمت اور مؤثر اقدامات ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہیں۔




