اسلام آباد:سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا، وزیراعظم یا حکومت کے پاس عدالتوں کے فیصلے تبدیل کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سینیٹرز کو سپریم کورٹ کی تعریف کرتے دیکھنا خوش آئند ہے، پی ٹی آئی کو بھی یقین ہوگیا ہے کہ عدالتیں انصاف فراہم کررہی ہیں اور میرٹ پر فیصلے کررہی ہیں۔
طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مقدمات اور رہائی کا فیصلہ عدالتوں نے ہی کرنا ہے، عدالتیں ہی واحد چینل ہیں جس کے ذریعے رہائی کا راستہ بن سکتا ہے۔ ماضی میں اپوزیشن رہنماؤں نے بھی عدالتوں کا سامنا کیا اور رہائی عدالتوں ہی کے ذریعے حاصل کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج تمام شہریوں اور تنظیموں کا آئینی و قانونی حق ہے۔ ٹرانسپورٹرز کے تحفظات پر ان سے مذاکرات کیے گئے اور معاملے کو پرامن طریقے سے حل کیا گیا۔




