پاکستان
Trending

وزیراعظم کا سیلاب متاثرین کی فوری مالی امداد اور بحالی کا عمل تیز کرنے کا حکم

 

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے سیلاب میں جاں بحق افراد کے خاندانوں اور مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کی مالی معاونت کی ہدایت کردی۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل کا نظام اور سڑکوں کی بحالی کا کام جلد مکمل کیا جائے جبکہ امدادی کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ متعلقہ وفاقی وزراء اور سیکریٹریز متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے نقصانات کا خود جائزہ لیں اور بحالی کے کام کی نگرانی کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ جن علاقوں تک رسائی ممکن نہیں وہاں اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری امدادی سامان فوری پہنچایا جائے تاکہ متاثرین کو بنیادی ضروریات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے آئندہ متوقع بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک کے مختلف متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ متاثرین کے لیے مزید امدادی سامان بھی روانہ کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے متاثرین کو بروقت ریلیف کی فراہمی اور بحالی کے اقدامات میں کسی قسم کی تاخیر نہ کرنے کی ہدایت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button