پاکستان
Trending

بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست سے گریز کیا جائے، عدالتی احکامات پر مکمل عمل کیا، عطا تارڑ

 

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، صحت کو سیاسی بحث کا موضوع بنانے سے گریز کیا جائے۔

اپنے بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج اور چیک اَپ کے حوالے سے انتظامیہ نے عدالت کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کیا۔ ان کے مطابق بانی کے چیک اَپ کے وقت ان کی ہمشیرہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدالت نے واضح کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر سیاسی بیان بازی نہیں کی جائے گی، تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے صحت کے معاملے کو سیاسی طور پر اجاگر کیا گیا۔
عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے عدالت کو کرائی گئی یقین دہانی کی نفی کرتے ہوئے بے بنیاد توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ شفا اسپتال کے باہر ٹولیوں کی شکل میں لوگ کس کے کہنے پر جمع ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئین اور قانون کے مطابق عدالتی حکم پر عملدرآمد یقینی بنایا اور قوم کو تمام حقائق سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا۔
عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کا ہمیشہ مؤقف رہا ہے کہ کسی بھی شخص کی صحت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کیا جائے، اسی میں سب کی بہتری ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button