اسلام آباد: سانحہ پمز کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی، انکوائری کمیٹی نے واقعے کی وجوہات اور ذمہ داروں کی نشاندہی کردی۔
ذرائع کے مطابق سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان نے رپورٹ گزشتہ رات وزیراعظم کے مشیر کے دفتر میں جمع کرائی۔ وزیراعظم کے مشیر توقیر شاہ نے رپورٹ کے مندرجات اور سفارشات سے وزیراعظم کو آگاہ کردیا۔
رپورٹ پر انکوائری کمیٹی کے تمام ارکان کے دستخط موجود ہیں۔ رپورٹ میں واقعے کے دوران غیر حاضر پمز عملے کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
تحقیقاتی رپورٹ میں ریسکیو ٹیموں کو پیش آنے والی مشکلات اور امدادی کارروائیوں میں حائل رکاوٹوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جبکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے متعدد سفارشات شامل کی گئی ہیں۔




