اسلام آباد: پاکستان میں تیل و گیس کی پیداوار بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت سامنے آگئی، او جی ڈی سی ایل نے نئے ترقیاتی کنویں بوبی-11 سے کامیابی کا اعلان کردیا۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق بوبی-11 سے تقریباً ایک ہزار بیرل یومیہ تیل اور ایک اعشاریہ صفر ایم ایم ایس سی ایف ڈی قدرتی گیس کی پیداوار متوقع ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ماہرین کی فنی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے موجودہ اثاثوں سے اضافی پیداوار حاصل کی جا رہی ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق بوبی-11 کی نئی دریافت سے ملک میں تیل و گیس کی مقامی پیداوار بڑھانے کی حکمتِ عملی کو مزید تقویت ملے گی اور درآمدی توانائی پر انحصار کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔




