راجن پور: انڈس ہائی وے پر ستارہ پمپ کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافر بس زیرِ تعمیر سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں بس میں سوار مسافر شدید متاثر ہوئے۔
حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
انڈس ہائی وے پر پیش آنے والے اس المناک حادثے کے بعد متاثرہ افراد کو طبی امداد کی فراہمی جاری ہے، جبکہ حادثے کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔




