پاکستان
Trending

خیبرپختونخوا میں قانون کی بالادستی یقینی بنائیں گے، 100 روزہ پلان جلد سامنے آئے گا، گورنر فیصل کریم کنڈی

 

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کا قیام، عوام کا تحفظ اور قانون کی بالادستی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ تجاوزات اور غیرقانونی بھرتیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور اس معاملے میں کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر راج نافذ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا، تاہم 11 سال کا حساب 11 دن میں نہیں لیا جا سکتا۔ ان کے مطابق متعلقہ محکمے کام کر رہے ہیں اور انہیں باقاعدہ بریفنگ دی جا رہی ہے۔ گندم سے متعلق رپورٹ بھی موصول ہو چکی ہے، جبکہ جن محکموں میں غیرقانونی بھرتیاں ہوئی ہیں، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

تجاوزات کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے واضح کیا کہ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ بعض افراد کی جانب سے نوٹس نہ ملنے کی شکایات سامنے آئی ہیں، تاہم غیرقانونی طور پر جگہوں پر قبضہ یا تعمیرات کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، خواہ وہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کے لیے 100 روزہ پلان کے ساتھ مختصر مدت کی منصوبہ بندی بھی موجود ہے، جس کے نتائج جلد عوام کے سامنے آئیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض سیاسی جماعتیں سوشل میڈیا پر غلط پروپیگنڈا کر رہی ہیں۔

صوبے کے معدنی وسائل پر بات کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں موجود معدنیات کے بارے میں وضاحت ہونی چاہیے۔ اگر وہاں معدنی وسائل موجود ہیں تو انہیں بروئے کار لانا ہوگا، تاہم انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی سرگرمی سے پہلے صوبے کے عوام کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

امن مذاکرات سے متعلق سوال پر گورنر نے کہا کہ انہیں مذاکرات کے نتیجہ خیز ہونے کی توقع نہیں، کیونکہ ماضی میں بھی مذاکرات ہوتے رہے لیکن کوئی خاطر خواہ نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں حالات بہتر ہوں گے اور معاملات بہتری کی جانب بڑھیں گے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف جلد پشاور کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ صوبے کے چیف ایگزیکٹو بنے تو ان کا پہلا اقدام شہدا کے لیے تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button