لاہور: یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور صوبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں، تاہم امن و امان کے مسائل کے باعث سرمایہ کاروں کی دلچسپی متاثر ہوتی رہی ہے۔
لاہور میں منعقدہ بلوچستان اکنامکس اینڈ انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان میں جلد امن قائم ہوگا۔
ایس ایم تنویر نے بلوچستان میں بدامنی کے حوالے سے بھارت پر امن خراب کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی بہتری معاشی ترقی کے لیے اہم ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے قدرتی وسائل اور کاروباری امکانات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے صوبے میں قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے لیے سولر پارکس قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بینک کے قیام کی منظوری ہو چکی ہے، جبکہ آسان کاروبار ایکٹ کی منظوری بھی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
یو بی جی کے پیٹرن انچیف نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف شعبوں میں کام جاری ہے اور سرمایہ کاری کے لیے سہولتوں کی فراہمی سے صوبے کی معاشی ترقی کو تقویت مل سکتی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو اچھا انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔




