اسلام آباد: حکومت نے انتخابی اصلاحات کے معاملے پر اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، وزیراعظم نے بھی اس اہم معاملے پر اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق انتخابی اصلاحات کے لیے مجوزہ 20 رکنی پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔ اس سلسلے میں اپوزیشن سے پانچ ارکان کے نام طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی جلد اپوزیشن رہنماؤں کو باضابطہ خط ارسال کریں گے، جس میں انہیں پارلیمانی کمیٹی کا حصہ بننے کی دعوت دی جائے گی اور پانچ ارکان کے نام فراہم کرنے کی درخواست کی جائے گی۔
وزیراعظم نے انتخابی اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اپوزیشن سے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ انتخابی نظام میں بہتری کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مشاورت کے عمل میں شامل کیا جائے۔
مجوزہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے انتخابی اصلاحات سے متعلق تجاویز پر غور اور سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔




