اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں فلسطینی عوام کی ابتر انسانی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے مسلسل جارحیت، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں اور امدادی سامان کی فراہمی میں رکاوٹوں کی مذمت کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ غزہ کے بے گھر فلسطینیوں کو بنیادی انسانی امداد سے محروم رکھنا غیرقانونی ہے۔ وہاں سے سامنے آنے والے مناظر انتہائی تکلیف دہ ہیں، جہاں بارش اور سیلابی پانی کے باعث پناہ گزینوں کے خیمے زیر آب آ رہے ہیں اور معصوم بچے بھی ان حالات میں پھنسے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کو ایک طرف خوراک کی شدید قلت اور دوسری جانب سخت سردی کا سامنا ہے۔ بے گھر خاندان انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور انہیں فوری امداد کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام کے خلاف جاری جارحیت اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو خصوصی ہدایت کی کہ غزہ کے متاثرین کے لیے انسانی امداد میں فوری اضافہ کیا جائے اور امدادی سامان کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب اور ممکنہ ذرائع استعمال کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کو بھوک، سردی اور بے گھری سے بچانے کے لیے عالمی سطح پر مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔




