بین الاقوامی
Trending

ٹرمپ کی ایران سے متعلق سخت پالیسی برقرار، آج قطری وزیراعظم سے ملاقات، پیوٹن اور شی جن پنگ سے بھی رابطوں کا امکان

 

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج وائٹ ہاؤس میں قطر کے وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، جبکہ آئندہ ہفتے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ان کی ملاقات متوقع ہے۔

وائٹ ہاؤس کے بیان میں امریکی صدر اور قطری وزیراعظم کی ملاقات کے ایجنڈے یا زیر بحث آنے والے معاملات کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ تاہم یہ ملاقات ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور خطے کی بدلتی صورتحال کے دوران ہو رہی ہے۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی آئندہ ہفتے روس اور چین کے صدور سے بھی ملاقات ہو سکتی ہے، جس میں اہم عالمی اور علاقائی معاملات پر بات چیت متوقع ہے۔

ایران کے حوالے سے امریکی صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی ٹاسک فورس مکمل طور پر فعال ہے اور ممکنہ فوجی کارروائی کے لیے بنیادی ڈھانچے کے اہداف پہلے ہی متعین کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی فورسز ایک گھنٹے میں 38 پل تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

ٹرمپ نے ایرانی بحری ناکہ بندی کو تاریخ کا سب سے بڑا بحری محاصرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ممکنہ کارروائی کے لیے تیاری کر رکھی ہے، تاہم ایران کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت ہوئی تو حملہ نہیں کیا جائے گا۔

امریکی صدر کے بیان کے مطابق ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا فیصلہ مذاکرات کی پیشرفت سے مشروط ہے، جبکہ امریکہ اپنی فوجی تیاری بھی برقرار رکھے ہوئے ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button