لاس ویگاس: جاپانی آٹو موبائل کمپنی نسان نے آف روڈ گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے تین نئے اور منفرد کانسیپٹ ماڈلز متعارف کرا دیے ہیں۔ 2026 کے سیما شو میں پیش کیے جانے والے ان ماڈلز میں فرنٹیئر رونن، پاتھ فائنڈر XE-V6 اور آرماڈا جنگل پیٹرول شامل ہیں۔
نسان کی ان نئی گاڑیوں میں طاقتور انجن، جدید سسپنشن سسٹم اور بڑے سائز کے آف روڈ ٹائرز استعمال کیے گئے ہیں، جو انہیں دشوار گزار راستوں اور صحرائی مہمات کے لیے منفرد بناتے ہیں۔
فرنٹیئر رونن کو تیز رفتار صحرائی ڈرائیونگ کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس میں 3.8 لیٹر V6 انجن کے ساتھ دو ٹربو چارجرز نصب ہیں، جبکہ GT-R کے ٹربو اجزا بھی استعمال کیے گئے ہیں۔ گاڑی میں 35 انچ کے ٹائرز اور خصوصی سسپنشن سسٹم دیا گیا ہے۔
پاتھ فائنڈر XE-V6 کانسیپٹ کو 1987 کے کلاسک پاتھ فائنڈر ماڈل کی طرز پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس میں 34 انچ کے ٹائرز، چار انچ بلند سسپنشن، آف روڈ بمپرز اور حفاظتی پلیٹس شامل ہیں۔ یہ ماڈل سسپنشن ٹیکنالوجی کی آزمائش کے لیے بھی استعمال ہوگا۔
آرماڈا جنگل پیٹرول تینوں میں سب سے منفرد کانسیپٹ گاڑی ہے۔ اس کی چھت ہٹا کر مضبوط ٹیوبلر رول کیج نصب کیا گیا ہے، جبکہ عقب میں اضافی نشستیں بھی دی گئی ہیں۔ اس ماڈل میں 37 انچ کے یوکوہاما آف روڈ ٹائرز اور خصوصی سسپنشن سسٹم شامل ہے۔
آرماڈا جنگل پیٹرول میں 3.5 لیٹر ٹوئن ٹربو V6 انجن نصب ہے، جو 425 ہارس پاور پیدا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ خصوصی اسٹیل بمپرز، اضافی لائٹس اور مضبوط راک سلائیڈرز بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
آٹو انڈسٹری کی رپورٹ کے مطابق نسان کی یہ پیشکش آف روڈ گاڑیوں کے شعبے میں کمپنی کی مستقبل کی حکمت عملی کو ظاہر کرتی ہے۔ کمپنی پہلے ہی 2030 سے قبل ایکس ٹیرا ماڈل کی واپسی کا عندیہ دے چکی ہے، جس کے بعد نئی کانسیپٹ گاڑیوں کو نسان کے آف روڈ مستقبل کی اہم جھلک قرار دیا جا رہا ہے۔




