نیویارک :ہائبرڈ گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی طلب نے امریکی آٹو مارکیٹ میں لیکسس RX کے لیے کامیابی کے نئے راستے کھول دیے ہیں۔ 2026 ماڈل کی اس لگژری ایس یو وی کی فروخت رواں سال ستمبر تک تقریباً 12 فیصد بڑھ کر 90 ہزار یونٹس کے قریب پہنچ گئی۔
موٹر ٹرینڈ کی رپورٹ کے مطابق لیکسس نے رواں سال کے ابتدائی تین سہ ماہیوں میں امریکی مارکیٹ میں تقریباً 2 لاکھ 63 ہزار گاڑیاں فروخت کیں، تاہم کمپنی کی مجموعی فروخت میں تقریباً 3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کے باوجود RX ماڈل نے فروخت میں نمایاں اضافہ حاصل کیا۔
رپورٹ کے مطابق اس کامیابی کی بنیادی وجہ صارفین کی جانب سے ہائبرڈ ٹیکنالوجی اور کم ایندھن استعمال کرنے والی گاڑیوں میں بڑھتی دلچسپی ہے۔ RX کے روایتی ہائبرڈ ورژن کی فروخت میں 27 فیصد جبکہ پلگ اِن ہائبرڈ ماڈل کی فروخت میں 21 فیصد اضافہ ہوا۔
2026 لیکسس RX کو مختلف انجن آپشنز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ اس میں 275 ہارس پاور کا RX350، ہائبرڈ RX350h، پلگ اِن ہائبرڈ RX450h+ اور 366 ہارس پاور کا اسپورٹی RX500h شامل ہیں۔
کمپنی کے مطابق RX450h+ ایک مرتبہ مکمل چارج ہونے پر 37 میل تک صرف بجلی سے سفر کر سکتی ہے، جبکہ پیٹرول اور الیکٹرک پاور کے امتزاج سے اس کی مجموعی رینج 540 میل تک پہنچ جاتی ہے۔ RX350h ہائبرڈ شہر میں 37 میل فی گیلن تک مائلیج فراہم کرتی ہے۔
لگژری اور کارکردگی کے ساتھ گاڑی میں جدید حفاظتی فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں، جن میں ایمرجنسی بریکنگ، اڈاپٹیو کروز کنٹرول، لین کیپنگ اسسٹ اور دیگر ڈرائیور معاون نظام شامل ہیں۔ 2026 ماڈل میں وائرلیس فون چارجر بھی معیاری سہولت کے طور پر فراہم کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا میں 2026 لیکسس RX کی ابتدائی قیمت 55 ہزار 450 ڈالر ہے، جبکہ مختلف ٹرمز کی قیمت 69 ہزار 880 ڈالر تک ہے۔ ہائبرڈ ٹیکنالوجی اور کم ایندھن خرچ کرنے کی صلاحیت اس گاڑی کی فروخت میں اضافے کے اہم عوامل بن کر سامنے آئے ہیں۔




