راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے دو ٹھکانے ختم کر دیے، جبکہ کارروائی کے دوران دھماکا خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے میرعلی کے جنوبی مضافات میں واقع گاؤں موزک میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف آپریشن کیا۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران تیار شدہ دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈیز)، دھماکا خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جبکہ مساجد میں قائم فتنہ الخوارج کے دو ٹھکانوں کو ختم کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کے دیگر ممکنہ ٹھکانوں کی نشاندہی اور تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج نے عزم ظاہر کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور امن و استحکام کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔




