راولپنڈی:جہلم میں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کے 46ویں سینٹرل میٹ کی رنگا رنگ اختتامی تقریب منعقد ہوئی، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شوٹنگ کے ان مقابلوں میں ملک کی بری، بحری اور فضائی افواج، سول آرمڈ فورسز اور شہریوں کی نمائندگی کرنے والے 1500 سے زائد نشانہ بازوں نے حصہ لیا اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
چوتھی انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ کی ٹرافی پاک آرمی نے جیت لی۔ اختتامی تقریب میں مقابلوں کے شرکا کی کارکردگی اور شوٹنگ کے شعبے میں مہارت کو اجاگر کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ایک پیشہ ور سپاہی کی صلاحیتوں کا نمایاں اظہار بہترین نشانہ بازی سے ہوتا ہے، جبکہ چھوٹے ہتھیاروں پر مہارت بنیادی فوجی تربیت کا لازمی تقاضا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی آمد پر انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلوایشن اور کور کمانڈر راولپنڈی نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فوجی تربیت میں پیشہ ورانہ مہارتوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چھوٹے ہتھیاروں پر عبور حاصل کرنا بنیادی فوجی تربیت کا لازمی جزو ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہترین نشانہ بازی ایک پیشہ ور سپاہی کی بنیادی شناخت ہے اور فوجی تربیت میں اس صلاحیت کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔




