اسلام آباد: پاکستان کی آٹو انڈسٹری کو برآمدات کے فروغ اور مقامی پیداوار میں اضافے کے لیے نئی سمت دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ آٹو موٹیو پالیسی 2026-2031 کے تحت آئندہ پانچ سال میں 6 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکومتی منصوبے کے مطابق مقامی سطح پر گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی تیاری اور لوکلائزیشن کے ذریعے 17 ارب 70 کروڑ ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے، جبکہ آٹو پارٹس انڈسٹری سے مجموعی برآمدات کا 55 فیصد حاصل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
مقامی صنعت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے 2 ہزار 200 آٹو پارٹس مینوفیکچررز کی معاونت کی جائے گی، جس کے لیے 2 ارب 10 کروڑ روپے کا خصوصی وینڈر اپ گریڈیشن پروگرام شروع کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی وزیراعظم شہباز شریف کے برآمدات پر مبنی، خود انحصار اور مسابقتی معیشت کے وژن کے مطابق تیار کی گئی ہے۔
ان کے مطابق پالیسی میں مقامی مینوفیکچرنگ اور لوکلائزیشن کو ترجیح دی گئی ہے، جبکہ درآمدی مراعات کو مقامی پیداوار اور برآمدی ذمہ داریوں سے مشروط کیا جائے گا۔
حکومت کو توقع ہے کہ نئی پالیسی سے صنعتی شعبے کی غیر استعمال شدہ پیداواری صلاحیت سے فائدہ اٹھانے، نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
پالیسی کے تحت پاکستان کی آٹو انڈسٹری کو محض مقامی طلب پوری کرنے کے بجائے عالمی منڈیوں کے لیے مسابقتی مصنوعات تیار کرنے والے برآمدی شعبے میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔




