سان فرانسسکو: مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی اینتھروپ کی اسٹاک مارکیٹ میں متوقع انٹری سے ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیوں ایمازون اور گوگل کو اربوں ڈالر کے بجائے کھربوں ڈالر کی مالیت کے اضافے کا فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ مجوزہ آئی پی او کے بعد اینتھروپ کی مجموعی مالیت 1.4 کھرب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایمازون نے اینتھروپ میں 18 ارب ڈالر جبکہ گوگل نے 33 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ کمپنی کی متوقع اسٹاک مارکیٹ فہرست سازی کے بعد ایمازون کی سرمایہ کاری کی مالیت 250 ارب ڈالر سے تجاوز اور گوگل کی سرمایہ کاری 140 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
دونوں کمپنیوں کے پاس اینتھروپ کے مجموعی طور پر ایک چوتھائی سے زائد حصص موجود ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ منافع کارپوریٹ سرمایہ کاری کی تاریخ میں غیر معمولی اضافہ تصور کیا جا رہا ہے۔
ٹیکنالوجی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اینتھروپ کے ساتھ شراکت داری نے ایمازون اور گوگل کو کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت کی خدمات کے ذریعے بھی نمایاں کاروباری فائدہ پہنچایا ہے۔ ان کے اندازے کے مطابق دونوں کمپنیوں کی مارکیٹ ویلیو میں ایک ایک کھرب ڈالر سے زیادہ کا اضافہ ان تعلقات کا نتیجہ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی صنعت میں نئی کمپنیاں ٹیکنالوجی کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، تاہم ان کی کامیابی سے سب سے زیادہ فائدہ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو پہنچ رہا ہے، کیونکہ ان کے پاس بھاری سرمایہ کاری اور جدید کمپیوٹنگ سہولیات فراہم کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
ایمازون کے چیف ایگزیکٹو اینڈی جیسی کے مطابق مصنوعی ذہانت کمپنی کے کاروباری حجم کو مستقبل میں غیر معمولی طور پر وسعت دینے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اینتھروپ کا متوقع آئی پی او مصنوعی ذہانت کی صنعت کی بڑی مالی پیش رفتوں میں شمار ہو سکتا ہے، تاہم اس کی کامیابی اور متوقع مالیت کا انحصار اسٹاک مارکیٹ میں حتمی صورتحال پر ہوگا۔




