ٹیکنالوجی
Trending

اے آئی کا بڑھتا استعمال، متحدہ عرب امارات میں 67 فیصد ملازمین کو نوکریاں ختم ہونے کا خدشہ

 

دبئی: متحدہ عرب امارات میں مصنوعی ذہانت کا دفتری امور میں استعمال تیزی سے بڑھنے لگا، 85 فیصد ملازمین کام کے دوران اے آئی سے مدد لے رہے ہیں، تاہم 67 فیصد کو خدشہ ہے کہ جدید ٹیکنالوجی مستقبل میں ان کی ملازمتیں ختم کر سکتی ہے۔

اولیور وائمن فورم کی جاری کردہ تحقیق کے مطابق متحدہ عرب امارات میں 48 فیصد ملازمین روزانہ مصنوعی ذہانت استعمال کرتے ہیں، جبکہ 63 فیصد ہفتے میں کم از کم تین بار اس ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہیں۔

تحقیق میں 56 فیصد ملازمین نے اعتراف کیا کہ اے آئی سے ان کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوا، جبکہ 54 فیصد کے مطابق اس ٹیکنالوجی نے ان کی پیشہ ورانہ اور نجی زندگی کے درمیان توازن بہتر بنایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 75 فیصد ملازمین اپنی ملازمتوں سے مطمئن ہیں، لیکن صرف 25 فیصد افراد اپنے کام کو حقیقی معنوں میں اطمینان بخش اور بامقصد سمجھتے ہیں۔ مزید یہ کہ 42 فیصد ملازمین انسانی ساتھی یا منیجر کے مقابلے میں مصنوعی ذہانت کو ترجیح دینے کے خواہش مند ہیں۔

اولیور وائمن فورم کی شراکت دار اور متحدہ عرب امارات کی سربراہ ڈاکٹر مونا حمامی نے کہا کہ اداروں کو اے آئی کے ملازمتوں پر ممکنہ اثرات اور مستقبل میں درکار مہارتوں کے حوالے سے ملازمین کو واضح آگاہی فراہم کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق صرف اے آئی کا استعمال بڑھ جانا ملازمتوں کے تحفظ سے متعلق خدشات دور نہیں کرتا۔

تحقیق میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ متحدہ عرب امارات کے 80 فیصد افراد صحت سے متعلق معلومات کے لیے مصنوعی ذہانت استعمال کر چکے ہیں، جبکہ 78 فیصد صارفین مصنوعات کی تلاش اور خریداری میں بھی اے آئی سے مدد لیتے ہیں۔

رپورٹ کے لیے 5 ہزار 285 افراد سے معلومات حاصل کی گئیں۔ یہ تحقیق 20 ممالک کے تقریباً 3 لاکھ افراد پر مشتمل پانچ سالہ عالمی تحقیقی پروگرام کا حصہ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button