صحت
Trending

یو اے ای میں ذیابیطس کے علاج کے لیے نئی گولی منظور، دنیا بھر میں تیسرے ملک کا اعزاز حاصل

 

دبئی: متحدہ عرب امارات نے ٹائپ ٹو ذیابیطس کے علاج کے لیے دوا فاؤنڈایو (Foundayo) کے استعمال کی منظوری دے دی، جس کے بعد یو اے ای دنیا کا تیسرا ملک بن گیا ہے جہاں اس دوا کو ذیابیطس کے مریضوں کے علاج کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

رپورٹ کے مطابق امارات ڈرگ اسٹیبلشمنٹ نے امریکی دوا ساز کمپنی ایلی للی کی تیار کردہ دوا اورفورگلیپرون (Orforglipron) کو بالغ افراد میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کے علاج کے لیے منظور کیا ہے۔ یہ دوا رواں سال اپریل میں وزن کم کرنے کے لیے بھی منظور کی گئی تھی۔

فاؤنڈایو روزانہ ایک مرتبہ استعمال ہونے والی گولی ہے، جو خون میں شوگر کی سطح کو کنٹرول کرنے اور وزن میں کمی کے انتظام میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ اس دوا کی خاص بات یہ ہے کہ اسے انجکشن کے بجائے منہ کے ذریعے استعمال کیا جاتا ہے اور کھانے یا پانی سے متعلق مخصوص پابندیوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔

حکام کے مطابق دوا کا استعمال ڈاکٹر کی نگرانی میں متوازن غذا اور باقاعدہ جسمانی سرگرمی کے ساتھ کرنا ہوگا۔ اس منظوری سے ٹائپ ٹو ذیابیطس کے مریضوں کو علاج کا ایک نیا متبادل میسر آئے گا۔

امارات ڈرگ اسٹیبلشمنٹ کا کہنا ہے کہ جدید ادویات کی منظوری کا مقصد دائمی بیماریوں کے علاج تک رسائی بڑھانا اور مریضوں کو مزید طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

حکام نے شہریوں کو ذیابیطس کی بروقت تشخیص کے لیے باقاعدگی سے طبی معائنے کرانے اور ڈاکٹر سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق ذیابیطس کو کنٹرول نہ کرنے کی صورت میں دل، گردوں، آنکھوں اور اعصاب سے متعلق سنگین پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button