انطالیہ:انطالیہ میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے صاف اور سستے ذرائع پر توجہ دے رہا ہے، گزشتہ دو برس میں ملک میں سولر بجلی کی صلاحیت 22 ہزار میگاواٹ تک پہنچنا اس شعبے میں بڑی پیش رفت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں عوام تیزی سے شمسی توانائی اپنا رہے ہیں، جس سے سستی اور ماحول دوست بجلی کے حصول کی راہیں کھل رہی ہیں۔ انہوں نے کانفرنس کے انعقاد پر ترک صدر کو مبارکباد بھی پیش کی۔
شہباز شریف نے بتایا کہ پاکستان نے حال ہی میں اپنے سب سے بڑے جوہری توانائی بجلی گھر کا افتتاح کیا ہے، جس سے 1200 میگاواٹ صاف توانائی قومی نظام میں شامل ہوگی۔
وزیراعظم کے مطابق نئی آٹو پالیسی کے تحت 2030 تک ملک میں 30 فیصد گاڑیوں کو الیکٹرک ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماحولیاتی اور توانائی کے اہداف کے حصول کے لیے مناسب فنانسنگ ضروری ہے۔ پاکستان 2035 تک قابل تجدید توانائی کے 35-35 ہدف کی حمایت کرتا ہے اور اسے قابل حصول سمجھتا ہے۔




