واشنگٹن:گوگل اور طبی ٹیکنالوجی کمپنی ایبٹ نے صحت کی نگرانی کے لیے جدید مصنوعی ذہانت پر مبنی سہولت متعارف کرانے کا معاہدہ کیا ہے۔ اس اشتراک کے تحت ایبٹ کے گلوکوز مانیٹرنگ سسٹم کا ڈیٹا گوگل ہیلتھ ایپ سے منسلک کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت جیمنی ٹیکنالوجی سے چلنے والا گوگل ہیلتھ کوچ صارفین کے شوگر لیول، نیند اور جسمانی سرگرمیوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کرکے خوراک، ورزش اور صحت سے متعلق تجاویز فراہم کرے گا۔
گوگل کے مطابق نئی سہولت رواں سال کے آخر میں متعارف کرانے کا امکان ہے۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اے آئی ہیلتھ کوچ طبی تشخیص اور علاج کا متبادل نہیں ہوگا، جبکہ اس کی فراہم کردہ معلومات کی تصدیق ضروری ہوگی۔
دونوں کمپنیوں کی جانب سے میٹابولک صحت پر مشترکہ تحقیق بھی کی جائے گی، جس میں گلوکوز کی سطح، نیند اور جسمانی سرگرمیوں کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔




