لاہور: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان لاہور میں وزیراعظم کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، حکومتی ترجیحات، معاشی استحکام اور پارلیمانی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو اپنے دورہ ترکیہ اور 31ویں کانفرنس آف پارٹیز (COP31) سے متعلق آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پارلیمنٹ میں آئندہ پیش کیے جانے والے مجوزہ بلوں اور قانون سازی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر اتحادی جماعتوں کے درمیان روابط، باہمی تعاون اور مشاورت کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ عوامی فلاحی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ معاشی استحکام اور ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، رانا ثنا اللہ، حمزہ شہباز، راجہ پرویز اشرف اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔




