ٹیکنالوجی
Trending

چینی گاڑیوں کو عالمی مارکیٹ میں ٹکر دینے کے لیے ٹویوٹا، نسان اور ہونڈا کا مشترکہ صنعتی منصوبہ

 

ٹوکیو: چین کی تیزی سے ابھرتی ہوئی آٹو موبائل انڈسٹری کے مقابلے میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے جاپان کی تین بڑی کار ساز کمپنیوں ٹویوٹا، نسان اور ہونڈا نے پیداواری اخراجات کم کرنے اور گاڑیوں کے پرزوں کا معیار یکساں بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کے تحت تینوں کمپنیاں گاڑیوں میں استعمال ہونے والے بعض بنیادی پرزوں کے معیار، تیاری اور تکنیکی خصوصیات کو مشترکہ بنانے پر کام کریں گی۔ اس اقدام کا اعلان جاپان آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور ٹویوٹا کے وائس چیئرمین کوجی ساتو نے ٹوکیو میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران کیا۔

منصوبے کے پہلے مرحلے میں اسٹیل کے معیار کے لیے یکساں اصول وضع کیے جائیں گے، پلاسٹک اور ریزن کے استعمال سے متعلق مشترکہ ضوابط بنائے جائیں گے جبکہ گاڑیوں کی وائرنگ ہارنسز کے لیے ایک جیسا رنگوں کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق ان شعبوں کا انتخاب اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ یہ گاڑیوں کی تیاری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ان پر کمپنیوں کے نمایاں اخراجات آتے ہیں۔ ان پرزوں کے معیار میں یکسانیت سے پیداواری عمل آسان بنانے، سپلائی چین کو بہتر کرنے اور لاگت کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے، جبکہ گاڑیوں کی ڈیزائننگ اور برانڈ کی الگ شناخت بھی برقرار رہے گی۔

اس منصوبے پر ابتدائی بات چیت جاپان کے مقامی آٹو پارٹس سپلائرز کے ساتھ کی جائے گی، بعد ازاں بین الاقوامی سپلائرز کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا۔ ابتدائی اقدامات 2027 میں شروع ہونے کی توقع ہے، جبکہ مستقبل میں گاڑیوں کے مزید اجزا کو بھی مشترکہ معیار کے تحت لانے کا ارادہ ہے۔

جاپان کی سات بڑی کار ساز کمپنیاں، جن میں ٹویوٹا، نسان، ہونڈا، مزدا، سبارو، مٹسوبشی اور سوزوکی شامل ہیں، عالمی مارکیٹ میں اپنی برتری برقرار رکھنے کے لیے مختلف صنعتی اور کاروباری حکمت عملیوں پر کام کر رہی ہیں۔
توقع ہے کہ پرزوں کے معیار کو یکساں بنانے اور پیداواری اخراجات میں ممکنہ بچت سے حاصل ہونے والے وسائل کو نئی ٹیکنالوجیز، تحقیق اور جدت پر خرچ کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button