ننکانہ صاحب: سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پاکستان تمام مذاہب کے احترام، مذہبی رواداری اور بھائی چارے پر یقین رکھتا ہے۔ بابا گورونانک کی تعلیمات محبت، انسانیت کی خدمت اور مساوات کا پیغام دیتی ہیں، جن کی آج پوری دنیا کو ضرورت ہے۔
ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ تمام مذاہب انسانیت سے محبت اور دوسروں کی خدمت کا درس دیتے ہیں۔ اسلام بھی یہی پیغام دیتا ہے، جبکہ بابا گورونانک نے محنت، رزق حلال اور ضرورت مندوں کی مدد کو اپنی تعلیمات کا حصہ بنایا۔
انہوں نے پوری سکھ برادری کو جنم دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی جانب سے بھی سکھ برادری کے لیے نیک تمنائیں ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ سکھوں سمیت تمام مذاہب کے ماننے والوں کی خدمت کی ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ قائداعظم کے وژن کے مطابق پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ کرتارپور راہداری کھولنا پاکستان کی مذہبی رواداری اور کشادہ دلی کا ثبوت ہے۔ زمینیں تقسیم ہو سکتی ہیں لیکن عزت، احترام اور محبت تقسیم نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت جنگوں کے نتائج بھگت رہی ہے اور عالمی امن کے لیے محبت اور مذاکرات کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے لیے پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔سابق وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ امن، محبت اور مساوات کے فروغ کے لیے تمام مذاہب اور معاشروں کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔




