دبئی:مشہور ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ کی مقبولیت نے متحدہ عرب امارات کے تعلیمی اداروں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ اسکولوں نے والدین کو خبردار کیا ہے کہ گیم میں تشدد، منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق مواد بچوں کی ذہنی نشوونما پر منفی اثر ڈال سکتا ہے، جبکہ طلبہ کی جانب سے گیم کھیلنے کے لیے اسکول سے غیر حاضر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بچوں کی آن لائن سرگرمیوں اور ویڈیو گیمز کے مواد پر کڑی نظر رکھیں۔ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں جی ٹی اے 6 کی عمر کی درجہ بندی 21 سال یا اس سے زائد ہے۔
ابوظبی کے برٹش انٹرنیشنل اسکول نے گیم کی ریلیز سے قبل والدین کو ای میل کے ذریعے آگاہ کیا تھا کہ بعض طلبہ گیم کھیلنے کے لیے اسکول سے چھٹی کر سکتے ہیں۔ سکول انتظامیہ کے مطابق والدین نے اس پیشگی اقدام کو سراہا۔
ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ کم عمری میں تشدد اور منشیات جیسے موضوعات سے مسلسل واسطہ بچوں کی سوچ اور رویوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کے اسکرین ٹائم کو محدود کریں اور ان کی ڈیجیٹل سرگرمیوں کی نگرانی کریں۔




