لندن: مصنوعی ذہانت اور خودکار دفاعی ٹیکنالوجی میں تیز رفتار پیش رفت کے بعد یہ سوال شدت اختیار کر گیا ہے کہ کیا آنے والی دہائیوں میں جنگی طیارے انسانی پائلٹ کے بغیر ہی پرواز کریں گے۔ برطانوی فضائیہ (رائل ایئر فورس) کے سربراہ ایئر چیف مارشل سر ہارو سمتھ کے حالیہ بیان نے اس امکان کو مزید تقویت دی ہے، جن کا کہنا ہے کہ برطانیہ کا اگلا جدید جنگی طیارہ غالباً انسانی پائلٹ کے ساتھ اڑنے والا آخری لڑاکا طیارہ ثابت ہو سکتا ہے۔
"دی ٹیلی گراف” سے گفتگو کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل نے اس تبدیلی کو پروپیلر والے طیاروں سے جیٹ انجن کی طرف منتقلی جیسا تاریخی موڑ قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مصنوعی ذہانت سے لیس بغیر پائلٹ ڈرونز تیزی سے انسانوں کی جگہ لے کر انتہائی پرخطر مشنز سرانجام دیں گے، اور اسی سلسلے میں آئندہ برس برطانوی فضائی حدود میں بغیر پائلٹ کے لڑاکا ڈرونز کی آزمائشی پروازیں شروع کر دی جائیں گی۔
دفاعی حکمتِ عملی کے تحت مستقبل میں روایتی لڑاکا طیاروں اور خودکار ڈرونز کو ایک ساتھ استعمال کیا جائے گا۔اس تبدیلی کی تیاریوں کے تناظر میں سکس جنریشن کے سٹیلتھ طیارے "ٹیمپسٹ” کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جسے برطانیہ، اٹلی اور جاپان مشترکہ طور پر "گلوبل کامبیٹ ایئر پروگرام” (GCAP) کے تحت 2035 تک فضائی بیڑے میں شامل کرنے کے لیے تیار کر رہے ہیں۔




