اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی اور ان کے وفد کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری رہا اور ملاقات میں پیش کی گئی جماعت اسلامی کی تجاویز پر مزید غور و خوض کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
جماعت اسلامی کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے یہ کوشش کی گئی کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں، تاہم حکومت نے پورے پاکستان کے لیے پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کا اعلان کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے عوام کو 128 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا، جس کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے پٹرول پر ریلیف دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کے اس فیول ریلیف پیکیج سے 2 کروڑ سے زائد افراد براہِ راست جبکہ بلواسطہ یا بلاواسطہ طور پر مجموعی طور پر 10 کروڑ افراد مستفید ہوئے۔




