واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے چین میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں یوکرین جنگ کے خاتمے اور جلد امن معاہدے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ٹروتھ سوشل’ پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انھوں نے روسی ہم منصب پر زور دیا ہے کہ وہ یورپ کے مختلف علاقوں کے خلاف تمام جارحانہ فوجی اقدامات ختم کریں تاکہ ماسکو اور کیف کے درمیان کسی معاہدے کی راہ ہموار ہو سکے۔
امریکی صدر نے جنگ کے باعث ہر ماہ ہونے والی ہزاروں اموات کا حوالہ دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے مابین امن معاہدے کی گنجائش اب بھی موجود ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو یہ تمام متعلقہ فریقوں کے لیے ایک بڑی کامیابی ہوگی۔




