مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ امن کے عالمی چیمپیئن کے طور پر پہچانے جانے کے لیے نوبیل انعام جیتنا اہم نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ اگر غاصب صہیونیوں کی حمایت جاری رکھیں گے تو تاریخ ہمیشہ انہیں اور اُن کے ساتھیوں کو چنگیز خان اور ہٹلر کے کٹہرے میں کھڑا کرے گی۔
ڈان نیوز کے مطابق سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سعد رفیق نے لکھا کہ ’ڈونلڈ ٹرمپ اگر چاہتے ہیں کہ امریکا کو ایک عظیم ریاست کے طور پر تسلیم کیا جائے تو انہیں انصاف کا دوہرا معیار ترک کرکے مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا‘۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ’امریکی قیادت کو مذہب، نسل اور خطے سے بالا تر ہو کر ہر قسم کی جارحیت اور دہشت گردی کو روکنا چاہیے، خدا نے صدر ٹرمپ کو دوسرا موقع دیا ہے، خواہ وہ غاصب بنے یا سیاست دان، یہ سب اب ان کے اپنے ہاتھ میں ہے‘۔
Winning the #Nobel_Prize is not important for being recognized as a world champion of peace.
If they continue to support the #usurper_Zionists, history will always place #President_Trump and his associates in the dock with #Genghis_Khan and #Hitler. If they want America to be…— Khawaja Saad Rafique (@KhSaad_Rafique) June 20, 2025
ان کا کہنا تھا کہ امن کے عالمی چیمپیئن کے طور پر پہچانے جانے کے لیے نوبیل انعام جیتنا اہم نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ اگر غاصب صہیونیوں کی حمایت جاری رکھیں گے تو تاریخ ہمیشہ انہیں اور اُن کے ساتھیوں کو چنگیز خان اور ہٹلر کے کٹہرے میں کھڑا کرے گی۔
واضح رہے حکومت پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 2026 کے نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کی ہے۔ پاکستان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سفارتی کوششوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی آئی، ٹرمپ نے اسلام آباد اور نئی دہلی کے ساتھ سفارتی روابط سے جنگ کا خطرہ ٹالا۔




