لاہور: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ صوفیائے کرام نے ہمیشہ امن، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام دیا، جو آج کے دور میں مزید اہمیت اختیار کر چکا ہے۔
یہ بات انہوں نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے 980ویں عرس مبارک کے سلسلے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ عرس کے لیے شایان شان انتظامات کیے گئے ہیں۔ داتا دربار کی توسیع کا کام جاری ہے اور مسجد میں مدینہ منورہ طرز کی چھتریوں کی تنصیب بھی شروع ہو چکی ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ داتا دربار کی تعمیرِ نو کا عمل جلد مکمل ہو، تاکہ زائرین کو بہترین سہولیات میسر آ سکیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ روحانی مراکز کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنا حکومت کی ترجیح ہے تاکہ عوام کو دینی، روحانی اور سہولت بخش ماحول فراہم کیا جا سکے۔




