انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، علاقائی سیکیورٹی اور عسکری روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ دوستی اور اسٹریٹجک تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کلیدی کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون اور یکجہتی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اپنے دفاعی و عسکری تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔




