پاکستان

پنجاب حکومت کا بڑا قدم: صوبے میں پہلی ای-ٹیکسی سروس شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور: حکومت پنجاب نے صوبے میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کے لیے پہلی بار ای-ٹیکسی سروس متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کی سربراہی میں سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مجوزہ اسکیم کی تفصیلات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران نے منصوبے کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ مختلف اقسام کی الیکٹرک گاڑیوں، ان کی لاگت اور فنی خصوصیات کا بھی تفصیل سے جائزہ لیا گیا، جبکہ چارجنگ انفرااسٹرکچر اور دیگر ضروری سہولیات کی دستیابی پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے بتایا کہ منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں 1100 الیکٹرک ٹیکسیاں بلا سود اور آسان اقساط پر فراہم کی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ درخواست دینے کے لیے سادہ شرائط رکھی گئی ہیں اور منصوبہ جلد ہی باقاعدہ اشتہار کے ذریعے عوام کے سامنے پیش کر دیا جائے گا۔

یہ اسکیم نہ صرف ٹرانسپورٹ کے شعبے میں جدت لانے کا ذریعہ بنے گی بلکہ فضائی آلودگی کم کرنے اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی جانب بھی ایک مثبت قدم تصور کی جا رہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button