پاکستان

راولپنڈی: نالہ لئی کے فلڈ کنٹرول سسٹم کی بیٹریاں چوری، مقدمہ درج، تحقیقات جاری

راولپنڈی میں سیلاب کی پیشگی اطلاع دینے والے فلڈ کنٹرول سسٹم کو ایک بار پھر چوری کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ نالہ لئی پر نصب وارننگ سسٹم کی چھ عدد بیٹریاں چوری ہونے پر تھانہ گنجمنڈی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق، فلڈ کنٹرول انچارج کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ چونگی نمبر چار پیرودھائی پل کے قریب واقع وارننگ پوسٹ کا سسٹم اچانک کنٹرول روم سے رابطے میں نہیں رہا۔ تکنیکی ٹیم نے جب موقع پر جا کر معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ نامعلوم چور چھ بیٹریاں نکال کر لے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ فلڈ کنٹرول سسٹم جاپانی حکومت کی جانب سے 2004 میں فراہم کیا گیا تھا، جو گزشتہ 22 برسوں سے فعال تھا اور شہریوں کو سیلاب کی بروقت اطلاع دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہا تھا۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ 2023 میں بھی کٹاریاں کے مقام سے محکمہ موسمیات کو فراہم کردہ جاپانی فلڈ کنٹرول سسٹم چوری ہو چکا تھا، جو تاحال بازیاب نہیں ہو سکا۔

پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے، لیکن تاحال کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ سسٹم کی بحالی اور آئندہ ایسی وارداتوں سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات زیر غور ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button