پاکستان تحریک انصاف نے اے آر وائے نیوز کی جانب سے عمران خان اور ان کی فیملی کے خلاف نشر کی گئی مبینہ جھوٹی خبر پر چینل کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے ایک بیان میں کہا کہ اے آر وائے نیوز نے صبح سے ’ذرائع‘ کے نام پر ایسی خبر نشر کی جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے اس خبر کو من گھڑت، بے بنیاد اور کردار کشی کی کوشش قرار دیا۔
شیخ وقاص اکرم کے مطابق خبر میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، ان کی ہمشیرہ علیمہ خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کا نام لے کر بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا کیا گیا، مگر متعلقہ افراد کا مؤقف لینے کی صحافتی ذمے داری ادا نہیں کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک قومی چینل کی جانب سے بغیر تصدیق کے ایسی خبریں مسلسل نشر کرنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے، جس سے پارٹی قیادت کو شدید ذہنی اذیت پہنچی۔
پی ٹی آئی ترجمان نے اعلان کیا کہ بطور احتجاج پارٹی نے اے آر وائے نیوز کا بائیکاٹ کر دیا ہے، اور پارٹی کا کوئی نمائندہ ایک دن کے لیے اے آر وائے کے کسی پروگرام میں شرکت نہیں کرے گا۔ اگلے روز اس فیصلے پر نظر ثانی کی جائے گی۔
0 38 1 minute read




