گلگت:گلگت بلتستان میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہونے والے نقصانات اور ریسکیو آپریشنز کے حوالے سے چیف سیکرٹری ابرار احمد مرزا نے اہم پریس کانفرنس کی۔
چیف سیکرٹری نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن میں پاک آرمی، پولیس، گلگت بلتستان سکاؤٹس، مقامی انتظامیہ اور مقامی افراد نے بھرپور حصہ لیا ہے۔ افواج پاکستان کی مدد سے 45 سے زائد سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
ابرار احمد مرزا کے مطابق 10 جون سے اب تک 9 اموات ہو چکی ہیں جن میں 8 اموات دیامر میں ہوئی ہیں۔ زیادہ نقصان کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے ہوا جس نے شدید ژالہ باری اور سیلاب کو جنم دیا۔ سکردو میں لینڈ سلائیڈنگ زیادہ ہوئی مگر نقصان محدود رہا۔
انہوں نے بتایا کہ تھک اور تھور میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ شدید تھی، تاہم متاثرہ علاقوں کے راستے بروقت کلیئر کر دیے گئے ہیں۔ تمام سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا اور پھنسے ہوئے افراد کو ہیوی مشینری کی مدد سے نکالا گیا ہے۔ متاثرین کو رہائش، کھانے اور ٹینٹ کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
گلگت بلتستان کے تمام اضلاع متاثر ہوئے ہیں، تاہم دیامر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ بارشوں اور سیلاب سے انفراسٹرکچر بشمول سڑکوں اور پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ریسکیو ٹیمز تندہی سے کام کر رہی ہیں۔
چیف سیکرٹری نے تمام سیاحوں سے درخواست کی ہے کہ موسم بہتر ہونے تک متاثرہ علاقوں کا سفر نہ کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ افواج پاکستان اور ریسکیو ادارے متاثرین کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں




