اسلام آباد:پاکستان اور آسٹریلیا نے معدنیات کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ ایس آئی ایف سی کی معاونت سے پاکستان میں معدنیات کی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول تیار کیا جا رہا ہے، خاص طور پر ریکو ڈیک منصوبے پر توجہ مرکوز ہے، جہاں 65 ارب ڈالر مالیت کے قیمتی ذخائر موجود ہیں، جن میں 2 ارب ٹن کاپر اور 20 ملین اونس سونا شامل ہے۔
وزیر توانائی نے آسٹریلیا کی کان کنی کی مہارت سے استفادہ کے لیے دونوں ممالک کے ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔ آسٹریلیا نے پاکستانی اداروں کو معدنیات کے جدید تربیتی پروگرام فراہم کرنے کی پیش کش بھی کی ہے۔
ایس آئی ایف سی آسٹریلیائی کمپنیوں کو کان کنی اور توانائی کے شعبے میں سہولت فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے تاکہ مشترکہ منصوبوں کے لیے کاروبار دوست ماحول بنایا جا سکے۔ دونوں ممالک نے توانائی، معدنیات اور آبی وسائل کے مؤثر انتظام کے لیے اقتصادی شراکت داری پر اتفاق کیا ہے، جس سے دو طرفہ معیشتی تعلقات مضبوط ہوں گے۔




