شیخوپورہ میں فیصل آباد روڈ پر واقع ایک نجی اسپتال میں گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کے مکروہ دھندے کا پردہ چاک ہو گیا۔ پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی سربراہی میں پولیس اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ کارروائی میں ایک منظم گروہ کو گرفتار کر لیا گیا، جو انسانی اعضا کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث تھا۔
کارروائی کے دوران "فرزانہ میموریل اسپتال” میں ایک افریقی نژاد مریض کو گردہ لگایا جا رہا تھا، جبکہ شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے ایک مقامی شہری کا گردہ نکالا جا چکا تھا۔
ذرائع کے مطابق گروہ نے ایک گردے کے بدلے 70 لاکھ روپے کی رقم وصول کی۔ گرفتار ہونے والوں میں سرجن ڈاکٹر وقاص مصطفیٰ، دو خواتین، تھیٹر ٹیکنیشنز، ایجنٹس اور دیگر معاونین شامل ہیں۔
پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل چھان بین جاری ہے اور اسپتال انتظامیہ کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔




