چیف آف آرمی اسٹاف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے 16ویں سیشن کے شرکاء سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل نے خطاب میں بھارت کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بلوچستان کے عوام کی حب الوطنی کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "معرکۂ حق” میں شکست کے بعد بھارت اپنے مذموم عزائم کے لیے پراکسی جنگ کو ہوا دے رہا ہے۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ "فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان” کو پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار کے مہرے کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، مگر ان فتنوں کا انجام بھی ان کے آقاؤں کی طرح رسوائی اور شکست ہوگا۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی اور اجتماعی عزم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم قومی سلامتی کے لیے ہر قسم کے اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔ فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی امن کے لیے پرعزم ہے مگر کسی بھی خطرے کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
نشست کے دوران فیلڈ مارشل نے پارلیمنٹیرینز، سول سوسائٹی، سرکاری افسران، ماہرین تعلیم، میڈیا اور نوجوانوں سے خطاب کیا، اور بعد ازاں سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔ انہوں نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو قومی ترقی کا کلیدی ستون قرار دیا، اور کہا کہ صوبے کی خوشحالی کے لیے بین الادارتی ہم آہنگی اور مربوط قومی حکمت عملی ناگزیر ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
0 17 1 minute read




