کولمبو : آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا افتتاحی میچ کسی فلمی ڈرامے سے کم ثابت نہ ہوا۔ پاکستان نے نیدرلینڈز کے خلاف ایک ایسے میچ میں 3 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی جو آخری اوورز تک کسی بھی پلڑے میں جا سکتا تھا۔ 148 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کی سات وکٹیں گرنے کے بعد فہیم اشرف نے طوفانی بلے بازی سے ڈچ ٹیم کے جبڑے سے فتح چھین لی۔
جب پاکستان کا مڈل آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا اور بابر، شاداب اور نواز جیسے بڑے نام تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئے، تو فہیم اشرف نے آل راؤنڈر ہونے کا حق ادا کر دیا۔ انہوں نے صرف 9 گیندوں پر 322 کے اسٹرائیک ریٹ سے 29 رنز بنائے۔
ان کے 3 فلک شگاف چھکوں نے سٹیڈیم میں موجود شائقین کے لہو کو گرما دیا اور پاکستان کو ورلڈ کپ کے پہلے دو پوائنٹس دلا دیے۔اس سے قبل نیدرلینڈز کی ٹیم ایک بڑے سکور کی جانب گامزن تھی لیکن پاکستانی باؤلرز نے آخری لمحات میں پانسہ پلٹ دیا۔
نیدرلینڈز کی ٹیم جو ٹارگٹ کی طرف بڑھ رہی تھی، پاکستانی باؤلرز کے سامنے بے بس ہو گئی۔ پاکستان نے صرف 20 رنز کے عوض آخری 6 وکٹیں اڑا کر ڈچ بیٹنگ لائن کو 147 پر ڈھیر کر دیا۔
سلمان مرزا 3 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست رہے، جبکہ صائم ایوب، محمد نواز اور ابرار احمد نے 2، 2 شکار کیے۔




